نظام آباد۔ 18 نومبر
ضلع نظام آباد کے یڑپلی منڈل میں علی ساگر کے قریب رونما سڑک حادثہ میں پانچ افراد بشمول 2 حقیقی بہنیں ہلاک ہو گئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ آٹو رکشا کو کار کی ٹکر کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جانکی پیٹ کے سرپنچ نے ایک مذہبی تقریب کرناپلی میں واقع ایک درگاہ پر منعقد کی تھی۔ دوپہر میں تقریب کے بعد چند مدعوئین ایک آٹو رکشا کے ذریعہ واپس ہو رہے تھے کہ علی ساگر - جانکم پیٹ کے درمیان مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار نے آٹو کو ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں 68 سالہ بالامنی، 60 سالہ گنگامنی (حقیقی بہنیں)، 68سالہ کے۔سائیلو اور 60 سالہ سی۔سائیلو کے علاوہ آٹو ڈرائیور نعیم شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری سرکاری دواخانہ منتقل کر دیا گیا لیکن وہ علاج کے دوران جانبر نہ ہو سکے۔ آٹو ڈرائیور نعیم کے افراد خاندان نے انہیں بہتر علاج کے لئے خانگی ہاسپٹل منتقل کیا تھا جہاں ان کی موت ہو گئی۔
کل شام رونما اس سڑک حادثہ میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کار ڈرائیور حالت نشہ میں ہوگا جس کی وجہ سے یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے فوری بعد کار میں سوار چار افراد فرار ہو گئے لیکن عوام نے کار میں سوار مزید دو افرادکو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے تمام نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا۔ مقام حادثہ کا سب انسپکٹر یلاگوڑ نے معائنہ کیا اور ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
بشکریہ: روزنامہ اعتماد
No comments:
Post a Comment